برطانیہ کے مشرق وسطیٰ، افغانستان اور پاکستان کے امور کے وزیر ہمیش فاکنر نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران میں جنگ بندی اور سفارتی مذاکرات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا، جو خطے میں امن اور استحکام کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔ برطانیہ بھی اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتا ہے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔
ہمیش فاکنر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت سے متعلق بھی حوصلہ افزا خبریں سامنے آ رہی ہیں، خصوصاً حالیہ بجٹ اور معاشی اصلاحات کے حوالے سے مثبت اشارے مل رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ملک کے بعض علاقوں میں عوام اب بھی معاشی چیلنجز اور مہنگائی کے اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔
برطانوی وزیر نے پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور انفراسٹرکچر کی بہتری کو بھی سراہا۔ ان کے مطابق مختلف شہروں اور علاقوں میں ہونے والی ترقی ملک کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتی ہے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دورے کے دوران انہیں ملک کے ایسے علاقوں کو دیکھنے کا موقع ملا جہاں اکثر برطانوی پاکستانی بھی نہیں جا پاتے۔ ان علاقوں کی ثقافت، مہمان نوازی اور قدرتی خوبصورتی نے ان پر گہرا اثر چھوڑا۔
ہمیش فاکنر نے پاکستان سے اپنی خصوصی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کے دل میں بس گیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام کی محبت، ثقافتی تنوع اور خوش اخلاقی کو قابلِ تعریف قرار دیا۔