نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جب قوم متحد ہوجاتی ہے تو دنیا کی کوئی طاقت اس کی بنیادوں کو ہلا نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستانی قوم کا اتحاد ملک کی سب سے بڑی طاقت ثابت ہوا۔
معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر جاری ویڈیو بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ آج کا دن قومی تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔ ان کے مطابق یہ صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ جرات، اتحاد اور غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔
وزیر خارجہ نے پاکستانی عوام، مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے مشکل وقت میں مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی نے دشمن کے عزائم ناکام بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے اپنے حق دفاع کا استعمال کرتے ہوئے جارحیت کا متوازن اور فیصلہ کن جواب دیا۔ ان کے مطابق بھارتی جنگی طیاروں سمیت مختلف عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا جس سے دنیا کو واضح پیغام ملا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے دشمن کو بھرپور جواب دیا اور اپنی دفاعی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی آزادی اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرے گا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ فعال سفارتکاری کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جارحیت کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر سمیت بنیادی تنازعات کے حل کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان قومی سلامتی کے ہر خطرے کا بھرپور جواب دے گا اور معیشت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں مزید مضبوط ہوکر ابھرے گا۔