وزیراعظم شہباز شریف اور بل گیٹس نے زراعت، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل جدت اور صحت عامہ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی۔ شہباز شریف بل گیٹس ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے پاکستان میں گیٹس فاؤنڈیشن کی مسلسل شمولیت کو سراہا۔ فاؤنڈیشن پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، ویکسینیشن، ڈیجیٹلائزیشن اور مالی شمولیت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کر رہی ہے۔
شہباز شریف بل گیٹس ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی طویل عرصے سے جاری معاونت پر شکریہ ادا کیا اور اپنی ذاتی وابستگی کا بھی ذکر کیا۔
بل گیٹس نے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ آئندہ نسلوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں پولیو ویکسینیشن پروگرام کے لیے صوبائی حکومتوں کی رہنمائی پر بھی وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے بل گیٹس کو حکومت کی جانب سے زرعی شعبے میں کیے جانے والے اصلاحاتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ گفتگو میں جدت، بائیوٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، تحقیق اور کسانوں کی استعداد بڑھانے پر توجہ دی گئی۔
دونوں جانب سے بہتر بیجوں، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور جدید زرعی ٹیکنالوجیز کی تیاری میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل جدت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
شہباز شریف بل گیٹس ملاقات کا اختتام پائیدار ترقی، ٹیکنالوجی اور سماجی شعبوں میں شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کے ساتھ ہوا۔ وزیراعظم نے بل گیٹس کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔