وفاقی حکومت نے اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت سرکاری اداروں سے لے کر چھوٹے کاروباروں اور بڑے تجارتی مراکز تک ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ اس منصوبے کا مقصد نقد لین دین کی جگہ جدید ادائیگیوں کو فروغ دینا ہے۔
کیش لیس اسلام آباد منصوبے کے حوالے سے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اس میں چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، بینکنگ سیکٹر کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بینکنگ سیکٹر کے نمائندوں نے منصوبے کی کامیابی کیلئے حکومتی کوششوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر طلال چوہدری نے کہا کہ منصوبے پر مؤثر عملدرآمد کیلئے تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت اور تجاویز اہم ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ہدایات پر کیش لیس اسلام آباد منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری بھی جاری ہے۔
وزیر مملکت نے اعلان کیا کہ 30 نومبر کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) انتظامیہ اور سی ڈی اے کے کسی بھی محکمے میں نقد ادائیگی قبول نہیں کی جائے گی۔ اس فیصلے کے تحت سرکاری اداروں میں لین دین کو مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقہ کار پر منتقل کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
حکومت نے 31 دسمبر تک اسلام آباد کے تمام کاروباری مراکز اور دکانداروں کو کیش لیس نظام میں شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت چھوٹے کاروباروں، ریڑھی بانوں اور بڑے تجارتی اداروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ شہر بھر میں اس نظام کو وسعت دی جاسکے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ کیش لیس نظام سے مالیاتی شفافیت، ٹیکس کی نگرانی اور لین دین کے طریقہ کار میں بہتری آئے گی۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے مالی معاملات کا ریکارڈ مرتب کرنے اور نقد رقم پر انحصار کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ اسلام آباد میں پہلے ہی 26 ہزار کاروباری مراکز ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک ہیں۔ حکومت اس نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے اور شہریوں کو آسان ادائیگیوں کی سہولت فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ مقررہ اہداف حاصل ہونے کی صورت میں اسلام آباد پاکستان کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بن جائے گا۔