جاپان کیوشو زلزلہ

جاپان کے جزیرے کیوشو میں 7.1 شدت کا زلزلہ، سونامی و آفٹر شاکس کی وارننگ جاری

جاپان کے جنوبی جزیرے کیوشو میں 7.1 شدت کا طاقتور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں سونامی اور آفٹر شاکس کے خدشات کے پیش نظر ہنگامی وارننگز جاری کر دی گئیں۔ زلزلے کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جبکہ ریلوے سروسز بھی عارضی طور پر روک دی گئیں۔

جاپانی میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز کوماموتو پریفیکچر کے قریب تھا، جہاں شدید جھٹکوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تقریباً 40 ہزار گھر بجلی سے محروم ہو گئے، جبکہ حفاظتی اقدامات کے تحت ریل سروس معطل کر دی گئی۔

جاپان کے محکمہ موسمیات نے زلزلے کے بعد جنوبی کیوشو کے مختلف ساحلی علاقوں کے لیے ایک میٹر تک بلند سمندری لہروں کے امکان کے پیش نظر سونامی وارننگ جاری کی۔ اس کے ساتھ ہی ممکنہ آفٹر شاکس کے بارے میں بھی عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ اب تک کسی قسم کی سونامی سرگرمی ریکارڈ نہیں ہوئی، جس کے باعث امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر سمندری حالات معمول پر رہے تو سونامی وارننگ جلد واپس لے لی جائے گی۔

جاپانی وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے بتایا کہ زلزلے کے نتیجے میں بعض عمارتوں کے گرنے، متعدد افراد کے زخمی ہونے، بجلی کی بندش اور مختلف مقامات پر آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کئی سڑکوں اور پلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، جبکہ متعلقہ ادارے نقصانات کا مکمل جائزہ لے رہے ہیں۔

حکام نے اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ متاثرہ علاقے میں موجود جوہری بجلی گھروں سے کسی قسم کے نقصان یا غیر معمولی صورتحال کی اطلاع نہیں ملی، تاہم احتیاطی نگرانی کا عمل جاری ہے۔

جاپان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں زلزلے اکثر آتے رہتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں ریکارڈ ہونے والے 6 یا اس سے زیادہ شدت کے تقریباً 20 فیصد زلزلے جاپان میں پیش آتے ہیں، جس کے باعث ملک میں جدید زلزلہ نگرانی اور ہنگامی ردعمل کا مؤثر نظام موجود ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین