نادرا کا نیا کیو آر کوڈ شناختی کارڈ متعارف، مرحلہ وار اجرا شروع

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے نادرا نیا کیو آر کوڈ شناختی کارڈ متعارف کرا دیا ہے، جسے پاکستان میں تیار کیا گیا ہے۔ نئے کارڈ کا مقصد شناخت کی تصدیق کے نظام کو جدید بنانا اور درآمدی مائیکروچپ پر انحصار کم کرنا ہے۔

نادرا کے مطابق نیا قومی شناختی کارڈ پولی کاربونیٹ مٹیریل سے پاکستان میں تیار کیا گیا ہے۔ نئے ڈیزائن میں درآمدی مائیکروچپ کی جگہ محفوظ کیو آر کوڈ شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہریوں اور متعلقہ اداروں کے لیے شناخت کی تصدیق کا نیا طریقہ متعارف ہوگا۔

نئے کیو آر کوڈ کی تصدیق عام اسمارٹ فون سے بھی کی جاسکے گی، جبکہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شناختی کارڈ پر موجود کیو آر کوڈ کو اسکین کرکے معلومات کی تصدیق ممکن ہوگی۔ نادرا کے مطابق کیو آر کوڈ میں کارڈ ہولڈر کی متعلقہ شناختی معلومات اور تصویر شامل ہوگی۔

نادرا کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے نام، پتہ اور دیگر شناختی معلومات کے ڈیٹا اندراج میں غلطیوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ٹیلی کام کمپنیوں، بینکوں، اسپتالوں، پاکستان ریلوے، پولیس اور دیگر مجاز اداروں کو کیو آر کوڈ کی تصدیق کے لیے سافٹ ویئر بھی فراہم کیا جائے گا۔


نادرا نیا کیو آر کوڈ شناختی کارڈ متعدد خصوصی علامات پر مشتمل ہوگا۔ ان میں خاندان نمبر کے علاوہ معذور افراد، بزرگ شہریوں اور اعضا عطیہ کرنے والوں کے لیے مخصوص نشانات شامل ہوں گے۔ آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں کے لیے بھی نئے کارڈ پر مخصوص شناختی نشانات موجود ہوں گے۔

نئے شناختی کارڈ پر شہری کا نام اور پتہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں درج ہوگا۔ نادرا کے مطابق کیو آر کوڈ پر مبنی نیا کارڈ 14 اگست سے موجودہ شناختی کارڈ کی جگہ مرحلہ وار جاری کیا جارہا ہے، جبکہ جنوری 2027 سے NICOP اور جووینائل کارڈ سمیت تمام اقسام کے قومی شناختی کارڈز بھی نئے فارمیٹ میں جاری کیے جائیں گے۔

نادرا کے مطابق آخری مرحلے میں پاکستان اوریجن کارڈ (POC) کو بھی چپ کے بغیر نئے QR کوڈ پر مبنی کارڈ میں منتقل کردیا جائے گا۔ تاہم پہلے سے جاری تمام شناختی کارڈ اپنی مقررہ تاریخِ میعاد تک بدستور قابلِ استعمال رہیں گے، اس لیے درست اور کارآمد موجودہ کارڈ رکھنے والے شہریوں کو فوری تبدیلی کی ضرورت نہیں ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین