پاکستان موسمیاتی فنڈنگ

پاکستان نے اقوام متحدہ میں 300 ارب ڈالر کی موسمیاتی فنانسنگ کا مطالبہ کردیا

پاکستان نے اقوام متحدہ میں پاکستان موسمیاتی فنڈنگ کے معاملے پر فوری اقدامات اور مشترکہ آبی وسائل پر تعاون بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی دوسری کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے کیا۔

منگل کو بحث میں اظہار خیال کرتے ہوئے عثمان جدون نے کہا کہ کمیٹی کو دنیا کو درپیش اہم معاشی اور ترقیاتی مسائل کے عملی حل پر توجہ دینی چاہیے۔ دوسری کمیٹی ترقیاتی فنانسنگ، عالمی تجارت، قرضوں، موسمیاتی تبدیلی، ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی جیسے معاملات پر غور کرتی ہے۔

پاکستان نے موسمیاتی فنڈنگ اور آبی تعاون کو اپنی اہم ترجیحات میں شامل کیا۔ عثمان جدون نے عالمی برادری پر زور دیا کہ گرانٹس اور رعایتی فنانسنگ کے ذریعے 300 ارب ڈالر کی موسمیاتی مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے قابل اعتماد راستہ بنایا جائے۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے موافقت کی مالی معاونت میں اضافے اور لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے لیے مناسب وسائل فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ پاکستان نے ترکیہ اور آسٹریلیا کی جانب سے آئندہ COP31 کو عملی اقدامات پر مرکوز کانفرنس بنانے کی کوششوں کی حمایت کی۔

آبی مسائل پر پاکستان نے 2026 اور 2028 میں ہونے والی اقوام متحدہ کی آبی کانفرنسوں میں مشترکہ پانی کے وسائل سے متعلق چیلنجز پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔ عثمان جدون نے بین الاقوامی قانون اور موجودہ آبی معاہدوں کے احترام کی ضرورت پر زور دیا۔

پاکستان نے ترقی پذیر ممالک کو درپیش وسیع تر مالیاتی بحران کی بھی نشاندہی کی۔ عثمان جدون کے مطابق پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے سالانہ مالیاتی خلا تقریباً 4 کھرب ڈالر ہے۔ اسلام آباد نے ترقیاتی معاونت، عالمی قرضوں کے نظام میں اصلاحات اور کم شرح پر قرضوں کی فراہمی پر بھی زور دیا۔

پاکستانی وفد نے عالمی تجارت اور مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے معاشی اثرات پر بھی بات کی۔ اسلام آباد نے عالمی تجارتی تنظیم کے تنازعات کے حل کے نظام میں اصلاحات اور ترقی پذیر ممالک کے مفادات کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔ عثمان جدون نے خبردار کیا کہ ٹیکنالوجی، مہارت اور سرمایہ کاری تک رسائی نہ ہونے کی صورت میں مصنوعی ذہانت ترقیاتی خلیج مزید بڑھا سکتی ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین