زرعی برآمدات

شہباز شریف کا فی ایکڑ زرعی پیداوار بڑھانے اور برآمدات میں اضافے پر زور

وزیراعظم شہباز شریف نے زرعی پیداوار بڑھانے اور زرعی برآمدات میں اضافے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر تعاون پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کو جدید بنانا، لائیو اسٹاک کے شعبے کو ترقی دینا اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ملکی معاشی ترقی اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔

وزیراعظم نے جمعہ کو زرعی شعبے اور برآمدات سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے عالمی منڈیوں تک رسائی، نئی برآمدی منڈیوں کی تلاش اور زرعی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے بیرون ملک تعینات پاکستانی کمرشل افسران کو زرعی برآمدات کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کسانوں میں فصلوں کی نگرانی کے لیے دستیاب موبائل ایپلی کیشن سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے مؤثر میڈیا مہم چلانے کا بھی حکم دیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال پاکستان کی زرعی برآمدات 5.18 ارب ڈالر رہیں۔ چاول، ماہی گیری، حلال گوشت، آلو، تل، تمباکو، آم اور مکئی اہم برآمدی زرعی مصنوعات میں شامل رہے۔

اجلاس میں زرعی برآمدات بڑھانے کے لیے ویلیو چینز تیار کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔ چین، سعودی عرب، ایران اور خلیجی ممالک کو پاکستانی زرعی مصنوعات کے لیے اہم منڈیاں قرار دیا گیا۔ نیشنل ایگریکلچر اینڈ فوڈ سکیورٹی کونسل کو بھی فعال کرنے کی تجویز دی گئی۔

اجلاس میں ڈیجیٹل فارمرز ڈائری، ایگری اسٹیک کے ذریعے کسانوں کے ڈیٹا اور زرعی زمینوں کا ریکارڈ ڈیجیٹل بنانے کی تجویز پیش کی گئی۔ اس میں مٹی اور پانی کی جانچ کے ریکارڈ بھی شامل ہوں گے۔ بہتر زرعی طریقوں کے فروغ کے لیے پاکستان گڈ ایگریکلچر پریکٹسز نظام کی تجویز بھی دی گئی۔

حکومت برآمد کنندگان کے لیے زرعی فنانسنگ کو آسان بنانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے تاکہ زرعی برآمدات میں اضافہ کیا جاسکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بہتر رابطہ کاری، جدید ٹیکنالوجی، ویلیو ایڈیشن اور مؤثر مالی معاونت سے پاکستان کی زراعت کو زیادہ پیداواری اور عالمی منڈی میں مسابقتی بنایا جاسکتا ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین