یوم عاشور پاکستان

صدر اور وزیراعظم کی یوم عاشور پر امام حسینؓ کے پیغام اور قومی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی اپیل

یوم عاشور پاکستان بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے جہاں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے یوم عاشور کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی اپیل کی۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ واقعۂ کربلا صرف ایک تاریخی سانحہ نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے رہنمائی کا ایک ابدی پیغام ہے۔ انہوں نے علما، میڈیا اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات، برداشت اور باہمی احترام کو عام کریں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یوم عاشور اسلامی تاریخ کا ایک عظیم دن ہے جو ایمان، صبر، استقامت، ایثار اور حق پر ڈٹے رہنے کا درس دیتا ہے۔ ان کے مطابق حضرت امام حسینؓ نے اپنی عملی زندگی سے ثابت کیا کہ حق، انصاف اور انسانی وقار کی حفاظت کے لیے ہر قربانی عظیم ہے۔

ملک بھر میں یوم عاشور پاکستان کے موقع پر مجالس عزا، تعزیے، شبیہ علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ علما اور ذاکرین واقعۂ کربلا کے مختلف پہلوؤں اور حضرت امام حسینؓ کی لازوال قربانی پر روشنی ڈال رہے ہیں۔

کراچی، لاہور، ملتان، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی، گلگت، اسکردو، مظفرآباد اور دیگر شہروں میں ہزاروں عزادار جلوسوں میں شریک ہیں۔ مرد، خواتین اور بچے عقیدت کے ساتھ مذہبی رسومات ادا کر رہے ہیں۔

یوم عاشور کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوسوں کے راستوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری تعینات ہے جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

یوم عاشور پاکستان میں جلوسوں کے راستوں پر سبیلیں اور نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جہاں عزاداروں اور شہریوں کو پانی اور کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ دن حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی، صبر، انصاف، اتحاد اور انسانیت کے آفاقی پیغام کی یاد تازہ کرتا ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین