پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ پی ایس ایل 12 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کھیلا جائے گا، جبکہ مسلسل دوسری مرتبہ ایونٹ میں آٹھ ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کی ونڈو گورننگ کونسل اور فرنچائزز کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی کی گئی ہے۔ پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر کو لندن میں ہوا، جس میں تمام آٹھ فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے شرکت کی۔
پی ایس ایل 11 میں کئی اہم تبدیلیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔ گزشتہ ایڈیشن میں پہلی مرتبہ پلیئر ڈرافٹ کی جگہ پلیئر آکشن متعارف کرایا گیا، جبکہ فائنل میں قذافی اسٹیڈیم لاہور نے 32 ہزار 461 تماشائیوں کی میزبانی کی، جو پی ایس ایل کی تاریخ میں ریکارڈ حاضری تھی۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل 11 نے دنیا کے سامنے لیگ کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ ان کے مطابق گزشتہ ایڈیشن میں سنسنی خیز مقابلوں، ریکارڈ شائقین اور براڈکاسٹ کے نئے ریکارڈز نے لیگ کی مقبولیت کو مزید نمایاں کیا، اور پی سی بی 2027 میں ایک اور شاندار سیزن منعقد کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سلمان نصیر نے بھی 2027 کے ایڈیشن کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لیگ انتظامیہ شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے پُرعزم ہے اور پی ایس ایل 12 کی ونڈو کا اعلان تیاریوں کے سلسلے میں صرف پہلا قدم ہے۔
سلمان نصیر کے مطابق آٹھوں ٹیمیں ٹائٹل جیتنے کے لیے پہلے سے زیادہ پُرعزم ہوں گی۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود لاکھوں کرکٹ شائقین کی نظریں اب پی ایس ایل 12 پر ہیں، جس کے حوالے سے مزید تفصیلات آنے والے دنوں میں سامنے آئیں گی۔
یاد رہے کہ پشاور زلمی نے پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ زلمی نے فائنل میں حیدرآباد کنگز مین کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر نو سال بعد ٹرافی جیتی۔ پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کی ڈائریکٹ سائننگز، پلیئر آکشن، مکمل شیڈول، وینیوز اور ٹکٹنگ سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔