پی ٹی آئی رہنما گرفتار

پی ٹی آئی رہنما عرفان سلیم، تیمور جھگڑا اور کامران بنگش جیل منتقل

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں عرفان سلیم، تیمور جھگڑا اور کامران بنگش کو گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ کے مرکزی گیٹ سے حراست میں لینے کے بعد آج جیل منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق تینوں رہنماؤں کو منگل کی رات پشاور ہائیکورٹ کے مرکزی دروازے سے پولیس نے اپنی تحویل میں لیا تھا۔ گرفتاری سے قبل ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان نے ہائیکورٹ بار روم میں پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات کی اور انہیں رضاکارانہ طور پر گرفتاری دینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی۔

اس دوران ایس ایس پی آپریشنز پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ہائیکورٹ کے مرکزی گیٹ پر موجود رہے۔ گرفتاری کے وقت ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا پی ٹی آئی رہنماؤں کو حراست میں لینے کے لیے تھری ایم پی او کے احکامات موجود ہیں؟

صحافی کے سوال پر ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان نے تصدیق کی کہ ان کے پاس تھری ایم پی او کے احکامات موجود ہیں۔ پولیس کے مطابق تینوں رہنماؤں کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر کے سیکشن 3 کے تحت حراست میں لیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت نے ریڈیو حملہ کیس میں تینوں پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواست ضمانتیں مسترد کردی تھیں۔ بعد ازاں پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی، تاہم انصاف لائرز فورم سے وابستہ وکلا نے مداخلت کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا تھا۔ اس دوران تینوں رہنما ہائیکورٹ بار روم میں موجود رہے۔

بعد ازاں پی ٹی آئی رہنما عبوری ضمانت کے حصول کے لیے پشاور ہائیکورٹ پہنچے، جہاں عدالت نے ان کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ تاہم ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ہائیکورٹ کے مرکزی گیٹ کے باہر موجود رہے اور بعد میں بار روم پہنچ کر رہنماؤں سے ملاقات کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین