پی ٹی آئی لانگ مارچ

حکومت مثبت پیشرفت کرے تو لانگ مارچ کی تاریخ آگے بڑھ سکتی ہے، پی ٹی آئی

حکومت کے ساتھ مذاکرات میں مثبت پیشرفت کی صورت میں پی ٹی آئی لانگ مارچ کی تاریخ آگے بڑھائی جاسکتی ہے۔ یہ بات حکومت سے مذاکرات کے پہلے دور کے بعد ہونے والے پی ٹی آئی کی سیاسی و کور کمیٹی کے اجلاس میں زیرِ بحث آئی۔

ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے ارکان کو حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر بریفنگ دی۔ سلمان اکرم راجا نے بھی اجلاس میں اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی لگانے کا مکمل منصوبہ نظر آتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شریک ارکان کی اکثریت نے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے کی رائے دی۔ ارکان کے مطابق حکومت کی جانب سے مثبت پیشرفت ہوتی ہے تو پی ٹی آئی لانگ مارچ منسوخ کرنے کے بجائے اس کی تاریخ آگے بڑھائی جاسکتی ہے۔

اجلاس میں محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات پر بھی غور کیا گیا۔ بعض ارکان کے مطابق ایسی ملاقات کی صورت میں معاملات کے حل کی کوئی راہ نکل سکتی ہے، جبکہ کچھ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی شرکت کی تجویز دی۔

مذاکرات کے دوران میڈیا پر بیانات کے معاملے پر بھی ارکان نے گفتگو کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں مذاکرات جاری رہنے تک میڈیا پر بیانات سے گریز کرنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ بعض ارکان نے رانا ثنا اللہ اور شیری رحمان کے بیانات پر اعتراض کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی دہشت گردی اور سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ خیبر پختونخوا حکومت سے متعلق ان کے بیانات پر بھی گفتگو ہوئی اور ارکان نے وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ذرائع کے مطابق بعض ارکان نے ایمرجنسی نافذ ہونے کی صورت میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں سے استعفے دینے کی تجویز بھی پیش کی۔ پی ٹی آئی لانگ مارچ 4 اکتوبر کو شیڈول ہے، جبکہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور 3 اکتوبر کو جاری رہنے کی توقع ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین