لاہور: وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے حکومت نے جامعات کی فنڈنگ میں تاریخی اضافہ کرتے ہوئے اسے 1100 فیصد تک بڑھا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام تعلیمی معیار بہتر بنانے اور تحقیق کے شعبے کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
لاہور میں ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے زیر اہتمام سائنسدانوں اور محققین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت پنجاب اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اصلاحات اور ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جامعات میں میرٹ کی بنیاد پر وائس چانسلرز کی تقرریاں کی گئی ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق پنجاب کی سرکاری جامعات کا بجٹ 2 ارب روپے سے بڑھا کر 25 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اضافی فنڈز سے جامعات میں جدید سہولیات، تحقیقی منصوبوں اور تعلیمی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔
رانا سکندر حیات نے ہونہار اسکالرشپ پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا بجٹ 15 ارب روپے سے بڑھا کر 20 ارب روپے کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے مزید مستحق اور ذہین طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری جامعات میں داخلوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ طلبہ اور والدین کا سرکاری تعلیمی اداروں پر اعتماد مضبوط ہو رہا ہے۔ حکومت تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
وزیر تعلیم نے بتایا کہ حالیہ برسوں میں پنجاب کی جامعات نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ایس ایس امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے تقریباً 40 امیدوار پنجاب یونیورسٹی کے طالب علم رہے ہیں، جو ادارے کی تعلیمی کارکردگی کا مظہر ہے۔