پاکستان میں سردیوں کے دوران گیس کی قلت پر قابو پانے کے لیے ایل پی جی کی ریکارڈ کھیپ پہنچ گئی ہے۔ وزارت توانائی کے پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ایس ایس جی سی ایل پی جی لمیٹڈ نے 15 ہزار میٹرک ٹن گیس درآمد کی ہے، جو اپنی نوعیت کی سب سے بڑی کھیپ ہے۔ یہ کھیپ بدھ کو اینگرو ووپاک ٹرمینل لمیٹڈ پہنچ گئی۔
وزارت توانائی کے مطابق یہ درآمد حکومت کی نئی ایل پی جی پالیسی کے تحت پہلی بڑی کھیپ ہے۔ نئی ہدایات کا مقصد ملک میں گیس کی دستیابی بہتر بنانا اور عوام کو مناسب قیمتوں پر ایل پی جی فراہم کرنا ہے۔ حکومت کو توقع ہے کہ درآمدات میں اضافے سے سردیوں میں بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے میں مدد ملے گی۔
ایس ایس جی سی ایل پی جی لمیٹڈ، سوئی سدرن گیس کمپنی کا مکمل ملکیتی ذیلی ادارہ ہے اور وزارت توانائی کے تحت کام کرتا ہے۔ کمپنی پاکستان میں ایل پی جی درآمد کرنے والے بڑے اداروں میں شامل ہے۔ اس کا بنیادی مقصد مقامی مارکیٹ میں گیس کی فراہمی بہتر بنانا اور قدرتی گیس کی قلت کے دوران متبادل ایندھن کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔
حکومت نے ایل پی جی کی قیمتوں کے نظام میں بھی تبدیلیاں کی ہیں تاکہ سرکاری ادارے درآمدات میں زیادہ فعال کردار ادا کرسکیں۔ اس سے قبل ضابطہ جاتی پابندیوں کے باعث نجی شعبے کی بعض کمپنیوں کو درآمدی لاگت پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔ نئی پالیسی کے تحت سرکاری کمپنیوں کو ایل پی جی کی درآمدات بڑھانے اور سپلائی چین مضبوط بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارت توانائی کے مطابق پاکستان میں ایل پی جی کی نئی کھیپ سے مارکیٹ میں گیس کی دستیابی بہتر ہونے اور رسد کی مشکلات کم ہونے کی توقع ہے۔ درآمدات میں اضافے سے قیمتوں میں کمی لانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ اس کے علاوہ پہاڑی، دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بھی گیس کی فراہمی بہتر بنانے کا امکان ہے، جہاں سردیوں میں قدرتی گیس کی دستیابی محدود رہتی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے اسپیشل سیکرٹری مرزا ناصر الدین مسعود نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر پیٹرولیم نے عوام کے لیے ایل پی جی کی دستیابی یقینی بنانے کے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی تھی۔ ان کے مطابق گیس کی ریکارڈ کھیپ کی آمد ایل پی جی کے شعبے کے لیے اہم پیش رفت ہے، جس سے ملک کی سپلائی چین مزید مضبوط ہوگی۔
دوسری جانب اینگرو ووپاک ٹرمینل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید عمار شاہ نے کہا کہ حکومتی پالیسی اقدامات سے ایل پی جی کے شعبے میں نئے سرمایہ کاروں کے لیے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ وزارت توانائی کے مطابق آنے والے ہفتوں میں مزید کھیپیں بھی درآمد کی جائیں گی۔ ان سے اوپن مارکیٹ میں ایل پی جی کی دستیابی بہتر ہونے، قیمتیں مناسب سطح پر آنے اور ملک بھر میں سپلائی مضبوط ہونے کی توقع ہے۔