پاکستان کا پانی ریڈ لائن شہباز شریف

پاکستان کا پانی ہماری ریڈ لائن ہے، روکنے کی کوشش جنگی اقدام تصور ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا پانی ہماری ریڈ لائن ہے اور اسے روکنے کی کسی بھی کوشش کو جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو بھی موجود تھے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تجارت، اقتصادی تعاون، دفاع، تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات وقت کے ساتھ مختلف شعبوں میں مستحکم ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مالدیپ کے متعدد طلبہ پاکستانی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں، جبکہ پاکستانی ڈاکٹرز اور معاون طبی عملہ مالدیپ میں انسانی خدمت کے فرائض انجام دے رہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک برادر ملک کی حیثیت سے مالدیپ کی مزید ضروریات پوری کرنے میں خوشی محسوس کرے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

شہباز شریف نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا۔ ان کے مطابق مالدیپ بھی فلسطینی کاز کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

پانی کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے سندھ طاس معاہدے کی بھارت کی جانب سے یکطرفہ معطلی کے فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ معاہدوں پر عمل درآمد تمام ممالک کی ذمہ داری ہے اور پاکستان کے پانی کو روکنے کی کسی بھی کوشش کو جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔

مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے کہا کہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے 60 سال باہمی تعاون کی بنیاد پر استوار ہیں۔ انہوں نے تعلیم، صحت اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مالدیپ بزنس فورم سے تجارتی اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ یوتھ ایکسچینج پروگرام، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹائزیشن میں اشتراک کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین