کراچی: سندھ حکومت نے سرکاری محکموں میں استعمال ہونے والی روایتی گاڑیوں کو مرحلہ وار الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کا مقصد ایندھن کے اخراجات میں کمی اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔
یہ فیصلہ سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے کفایت شعاری کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سرکاری اخراجات کو کم کرنے اور صوبائی اداروں میں مالی نظم و ضبط بہتر بنانے سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری محکموں کی روایتی گاڑیوں کو ایک ہی مرحلے میں تبدیل کرنے کے بجائے بتدریج الیکٹرک گاڑیوں سے تبدیل کیا جائے گا۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد روایتی ایندھن پر انحصار کم کرنا اور سرکاری خزانے پر مالی دباؤ میں کمی لانا ہے۔
کابینہ کمیٹی نے محکمہ داخلہ، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ، محکمہ اسٹیبلشمنٹ اور جامعات و بورڈز کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سرکاری گاڑیوں کی خریداری کے دوران الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دی جائے۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کی کھپت کم ہوگی اور حکومت کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ ان کے مطابق سرکاری اداروں کو جدید اور ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنانے کی ضرورت ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ الیکٹرک گاڑیوں کا فروغ نہ صرف سرکاری وسائل کے بہتر استعمال میں معاون ثابت ہوگا بلکہ ماحول کے تحفظ کے لیے بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ اس سلسلے میں سرکاری محکموں کو جدید ٹرانسپورٹ نظام کی جانب منتقل کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔