سینئر وزیر شرجیل انعام میمن

سندھ میں عوامی سفری سہولیات کی توسیع کا فیصلہ، نئی بس سروس اور ای وی ٹیکسی پر پیش رفت

کراچی: صوبہ سندھ میں عوام کے لیے سفری سہولیات کو مزید بہتر اور وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت پیپلز بس سروس کے نئے روٹس، ڈبل ڈیکر بسوں، ای وی ٹیکسی سروس، پنک اسکوٹیز اور بی آر ٹی منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

اس حوالے سے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے مختلف منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں شہریوں کو بہتر، محفوظ اور نسبتاً جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ قمبر شہدادکوٹ سے لاڑکانہ کے روٹ پر پیپلز بس سروس جلد شروع کی جا رہی ہے۔ نئے روٹ کے آغاز سے دونوں علاقوں کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولت میسر آنے کی توقع ہے۔

حکام نے ڈبل ڈیکر بسوں کی آمد اور ان کے آپریشن سے متعلق انتظامات سے بھی آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈبل ڈیکر بسوں کے آپریشنل معاملات کو حتمی شکل دینے کا عمل جاری ہے، جبکہ سروس کے باقاعدہ آغاز کے لیے ضروری تیاری مکمل کی جا رہی ہے۔

اجلاس میں ای وی ٹیکسی سروس کے آپریشنل ماڈل اور اسے شروع کرنے کے لیے درکار اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ای وی ٹیکسی سروس کو صوبے میں جدید اور ماحول دوست سفری سہولت کے طور پر متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

شرجیل میمن نے ہدایت کی کہ نئے روٹس پر بس سروس شروع کرنے کے لیے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز بس سروس کا دائرہ کار بڑھانے کا بنیادی مقصد عوام کو بہتر اور قابل اعتماد سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین