محکمہ موسمیات نے سندھ میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آج سے 27 جولائی تک صوبے کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان موجود ہے۔ متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے احتیاطی اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی راجستھان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں کم دباؤ کا ایک مضبوط نظام موجود ہے، جبکہ بحیرہ عرب سے آنے والی مون سون ہوائیں جنوبی اور وسطی سندھ میں نمی لے کر داخل ہو رہی ہیں۔ یہی موسمی صورتحال بارشوں کے امکانات میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔
پیشگوئی کے مطابق تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، حیدرآباد، سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، خیرپور اور دادو سمیت کئی اضلاع میں مختلف اوقات میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، حیدرآباد اور نشیبی علاقوں میں زیادہ بارش کی صورت میں اربن فلڈنگ پیدا ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور دیگر انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی کے بارے میں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ تین روز کے دوران شہر میں موسم زیادہ تر ابر آلود، گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ مضافاتی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جبکہ شہر کے دیگر حصوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی متوقع ہے۔
ماہرین کے مطابق کراچی میں اتوار اور پیر کے دوران بھی وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جبکہ آنے والے دو دنوں میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔