پی ایم ڈی کی سندھ بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 27 جولائی تک مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب بھی آسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی راجستھان اور ملحقہ علاقوں پر موجود کم دباؤ کا نظام اور بحیرہ عرب سے آنے والی مضبوط مون سون ہوائیں سندھ سمیت جنوبی اور وسطی پاکستان کے موسم کو متاثر کر رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہ یار، حیدرآباد، مٹیاری، جامشورو اور شہید بینظیر آباد میں جمعہ سے 27 جولائی تک درمیانی سے موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔
پی ایم ڈی کی سندھ بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کے مطابق گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، قمبر شہدادکوٹ، لاڑکانہ، خیرپور، نوشہروفیروز اور ٹھٹھہ میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ تیز ہوائیں اور آسمانی بجلی کمزور انفراسٹرکچر، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز اور سائن بورڈز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ شدید بارش کے باعث کئی اضلاع کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی زرعی سرگرمیاں موسم کی پیشگوئی کے مطابق ترتیب دیں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ ادارے کے مطابق بارشوں کے دوران گرم اور مرطوب موسم میں بھی کمی آنے کا امکان ہے۔
پی ایم ڈی کی سندھ بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کے تحت کراچی میں ہفتہ اور اتوار کے دوران جزوی ابر آلود، گرم اور مرطوب موسم رہنے کا امکان ہے۔ شہر کے مضافاتی علاقوں میں گرج چمک جبکہ چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے، جہاں درجہ حرارت 28 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔