ٹرمپ روس یوکرین جنگ بندی

ٹرمپ کا روس یوکرین جنگ بندی میں توسیع کا عندیہ، ہنٹا وائرس پر بھی بیان

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں تین روزہ جنگ بندی صرف آغاز ہوسکتی ہے اور وہ اس میں مزید توسیع دیکھنا چاہتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ اس جنگ میں ہر ماہ ہزاروں فوجی جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں اور وہ اس خونریزی کو ہر صورت روکنا چاہتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ روس یوکرین جنگ بندی اگر مثبت ثابت ہوئی تو اسے مزید طویل کیا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق تین روزہ جنگ بندی ایک ابتدائی قدم ہے جبکہ اصل مقصد جنگ کا مکمل خاتمہ اور خطے میں مستقل امن کا قیام ہے۔

امریکی صدر نے اس موقع پر ہنٹا وائرس کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں وائرس کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے اور اعلیٰ درجے کے طبی ماہرین اس وائرس کا مسلسل مطالعہ کر رہے ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق امید ہے کہ ہنٹا وائرس بڑی حد تک قابو میں ہے اور حالات جلد مزید بہتر ہوجائیں گے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی حکام وائرس سے متعلق صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جاسکے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت صحت عامہ کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

علاوہ ازیں امریکی صدر نے ایران کے ساتھ جاری سفارتی رابطوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی تجاویز کے حوالے سے ایران کی جانب سے جلد جواب موصول ہونے کی توقع ہے، جس سے خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا عالمی سطح پر تنازعات کے حل اور امن کے قیام کیلئے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ روس یوکرین تنازع سمیت دیگر بین الاقوامی مسائل میں بھی پیش رفت سامنے آئے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور یوکرین کے درمیان تین روزہ جنگ بندی طے پانے کا اعلان کیا تھا، جسے عالمی سطح پر اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین