امریکا میں فضائی سفر کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جہاں فضائی حدود کھلی ہونے اور پروازوں کی روانگی بحال ہونے کے باوجود بڑی ائیرلائنز اپنا معمول کا آپریشن بحال کرنے میں ناکام ہیں۔ ملک کے بڑے ائیرپورٹس پر ہزاروں مسافر پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
فلائٹ اویئر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکا آنے اور یہاں سے روانہ ہونے والی 6,228 پروازیں منسوخ جبکہ 7,542 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ یہ تعداد فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے سربراہ برائن بیڈفورڈ کے ابتدائی اندازوں سے بھی زیادہ ہے، جنہوں نے تقریباً 4 سے 5 ہزار پروازوں کی منسوخی کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ عالمی سطح پر بھی فضائی آپریشن متاثر رہا، جہاں ہزاروں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوئیں۔
امریکی فضائی بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی بڑی کمپنیوں میں جیٹ بلیو سرفہرست رہی، جس کی تقریباً 45 فیصد پروازیں منسوخ ہوئیں۔ دوسری جانب امریکن ائیرلائنز، یونائیٹڈ ائیرلائنز اور ڈیلٹا ائیرلائنز کو بھی اپنے طے شدہ شیڈول کی تقریباً ایک چوتھائی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔ متاثرہ مسافروں کی سہولت کے لیے ائیرلائنز نے اضافی فیس کے بغیر سفر کی تاریخ تبدیل کرنے کی پیشکش کی ہے۔
شکاگو کا اوہیئر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اس بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے مراکز میں شامل رہا، جہاں دوپہر دو بجے تک 559 سے زیادہ پروازیں منسوخ ہو چکی تھیں۔ شکاگو مڈوے ائیرپورٹ پر بھی 68 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ اٹلانٹا کے ہارٹس فیلڈ جیکسن ائیرپورٹ پر دوپہر ساڑھے بارہ بجے تک 479 پروازیں منسوخ ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
ٹیکساس میں بھی فضائی سفر کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ ڈیلاس فورٹ ورتھ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر صبح نو بجے تک تقریباً 300 پروازیں منسوخ ہو چکی تھیں۔ متعدد مسافروں کو رات ائیرپورٹ پر گزارنا پڑی، خصوصاً وہ افراد زیادہ پریشان رہے جنہوں نے ڈیلاس سے دیگر شہروں کے لیے کنیکٹنگ فلائٹس لینا تھیں۔ ہیوسٹن کے جارج بش انٹرکانٹی نینٹل ائیرپورٹ پر بھی شام تک 310 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں۔
امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق ملک کی فضائی حدود کھلی ہیں اور پروازوں کی روانگی محفوظ طریقے سے جاری ہے، تاہم مزید تاخیر اور منسوخیوں کا امکان موجود ہے۔ ائیرلائنز کو طیاروں اور عملے کو دوبارہ مختلف ائیرپورٹس تک پہنچانے کے ساتھ مسافروں کی نئی بکنگ کے مسائل بھی درپیش ہیں۔