دنیا کی سب سے طویل ریلوے سرنگ

دنیا کی سب سے طویل ریلوے سرنگ کس ملک میں واقع ہے؟

کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا کی سب سے طویل ریلوے سرنگ کس ملک میں واقع ہے اور اس کی لمبائی کتنی ہے؟ اگر نہیں تو جان لیجیے کہ دنیا کی طویل ترین ریلوے سرنگ یورپی ملک سوئٹزرلینڈ میں موجود ہے، جسے گوٹہارڈ بیس ٹنل (Gotthard Base Tunnel) کہا جاتا ہے۔

سوئس الپس کے پہاڑوں کے نیچے تعمیر کی گئی اس سرنگ کی لمبائی تقریباً 57.1 کلومیٹر یعنی 35.5 میل ہے۔ یہ دنیا کی سب سے طویل ریلوے سرنگ ہونے کا اعزاز رکھتی ہے اور یورپ کے اہم ریلوے نیٹ ورک کا حصہ ہے۔

گوٹہارڈ بیس ٹنل کو 11 دسمبر 2016 کو مسافر ٹرینوں کے لیے باقاعدہ کھولا گیا تھا۔ اس منصوبے کے ذریعے سوئٹزرلینڈ کے شمالی اور جنوبی علاقوں کے درمیان ریلوے رابطہ مزید بہتر ہوا، جبکہ زیورخ، لوگانو اور میلان جیسے شہروں کے درمیان سفر بھی آسان ہوگیا۔

دنیا کی سب سے طویل ریلوے سرنگ کس ملک میں واقع ہے؟

اس عظیم منصوبے کی تعمیر پر تقریباً 12 ارب سوئس فرانک خرچ ہوئے، جبکہ ابتدائی طور پر اس کی لاگت کا تخمینہ تقریباً 6 ارب فرانک لگایا گیا تھا۔ اس سرنگ کی تعمیر مکمل کرنے میں لگ بھگ 17 سال کا عرصہ لگا۔

گوٹہارڈ بیس ٹنل کا تصور پہلی مرتبہ 1947 میں سامنے آیا تھا، جب سوئس ٹریفک پلانر کارل ایڈورڈ گرونر نے الپس کے نیچے ریلوے راستہ تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی۔ بعد ازاں 1960 کی دہائی میں سوئس حکومت نے اس منصوبے کی فزیبلٹی کا جائزہ لینے کے لیے ایک ادارہ قائم کیا۔

تاہم 1970 کی دہائی میں معاشی مشکلات اور منصوبے کی مخالفت کے باعث تعمیراتی کام کئی دہائیوں تک شروع نہ ہوسکا۔ بالآخر 1992 اور 1998 میں سوئس عوام نے ریفرنڈم کے ذریعے اس منصوبے کی حمایت کی، جس کے بعد 1999 میں باقاعدہ تعمیراتی کام شروع کردیا گیا۔

دنیا کی سب سے طویل ریلوے سرنگ کس ملک میں واقع ہے؟

اس سرنگ کی تعمیر کے دوران پہاڑوں کے اندر سے لاکھوں ٹن چٹانیں اور ملبہ نکالا گیا۔ اس مقصد کے لیے جدید اور خصوصی ڈرلنگ مشینیں استعمال کی گئیں، جنہوں نے سخت پہاڑی چٹانوں کو کاٹ کر ریلوے راستہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

آج اس سرنگ سے مسافر ٹرینیں 200 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے گزرتی ہیں۔ گوٹہارڈ بیس ٹنل کی بدولت الپس کے پہاڑی سلسلے کے آر پار سفر کا وقت کم ہوا ہے، جبکہ زیورخ اور اٹلی کے شہر میلان کے درمیان سفر میں تقریباً 30 منٹ کی بچت ہوتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین