محسن نقوی کو آئی پی ایل کے فائنل میچ کے لیے باضابطہ دعوت نامہ موصول ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کو یہ دعوت نامہ بھارت میں ہونے والے آئی پی ایل فائنل کے موقع پر بھیجا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی نے موصول ہونے والا دعوت نامہ وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال کردیا ہے تاکہ ان کی مشاورت اور منظوری کے بعد حتمی فیصلہ کیا جاسکے۔
اطلاعات کے مطابق چیئرمین پی سی بی کے بھارت جانے یا نہ جانے کے حوالے سے آخری فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ سیاسی اور سفارتی صورتحال کے باعث اس دورے کو غیر معمولی اہمیت دی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ آئی پی ایل کا فائنل 31 مئی کو بھارتی شہر احمد آباد میں شیڈول ہے، جہاں دنیا بھر سے کرکٹ شخصیات اور حکام کی شرکت متوقع ہے۔
دوسری جانب ایک کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کے اجلاس رواں ماہ دو مرحلوں میں منعقد ہوں گے۔ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی کا ورچوئل اجلاس 21 مئی کو ہوگا جبکہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ 30 اور 31 مئی کو احمد آباد میں رکھی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ کو آئی پی ایل فائنل کے موقع پر شیڈول کیا گیا ہے اور اس اجلاس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی شرکت متوقع تھی۔ تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر ان کی شرکت غیر یقینی قرار دی جارہی ہے۔
کرکٹ حلقوں میں اس پیش رفت کو خاص اہمیت دی جارہی ہے کیونکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات گزشتہ کئی برسوں سے محدود ہیں۔ ایسے میں کسی پاکستانی کرکٹ عہدیدار کی بھارت میں موجودگی کو سفارتی اور کھیلوں کے تناظر میں اہم سمجھا جارہا ہے۔
آئندہ چند روز میں وزیراعظم ہاؤس اور پی سی بی کی جانب سے محسن نقوی کے ممکنہ دورہ بھارت کے حوالے سے باضابطہ مؤقف سامنے آنے کا امکان ہے۔