ظہران ممدانی

کیلیفورنیا مسجد فائرنگ: ظہران ممدانی نے اسلاموفوبیا کو بڑا خطرہ قرار دے دیا

نیو یارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی نے کیلیفورنیا کی مسجد میں پیش آنے والے فائرنگ کے افسوسناک واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلاموفوبیا پورے امریکا میں مسلم کمیونٹی کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی شہر سان ڈیاگو کے ایک اسلامک سینٹر میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں محافظ سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔ حکام کے مطابق کم عمر مشتبہ حملہ آوروں نے فائرنگ کے بعد مبینہ طور پر خودکشی بھی کرلی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ نفرت پر مبنی جرم معلوم ہوتا ہے۔ تفتیشی اداروں نے بتایا کہ مشتبہ حملہ آور نے تین بندوقیں اپنی والدہ کے گھر سے حاصل کیں جبکہ اس کے تحریری پیغام میں نسلی برتری اور شدت پسندانہ خیالات کا اظہار بھی موجود تھا۔

واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے ظہران ممدانی نے کہا کہ امریکا میں بڑھتا ہوا اسلاموفوبیا نہ صرف مسلمانوں بلکہ پورے معاشرے کے لیے تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی نفرت اور تعصب کے خلاف متحد ہو کر کھڑا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

نیویارک کے میئر نے تمام امریکی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اسلاموفوبیا، نفرت اور خوف کی سیاست کے خلاف آواز بلند کریں۔ ان کے مطابق امریکا کی اصل طاقت اس کی مذہبی اور ثقافتی تنوع میں پوشیدہ ہے، جسے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔

دوسری جانب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کیلیفورنیا کی مسجد میں فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی تشویشناک قرار دیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا اور مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین