ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا ہے کہ ایران اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں فعال طور پر شرکت کرے گا، تاہم امریکا کے حوالے سے گہرے شکوک و شبہات برقرار رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایران ان مذاکرات میں مکمل اختیار کے ساتھ شریک ہوگا، لیکن امریکا کی مبینہ دھوکا دہی والی پالیسیوں کے باعث اعتماد کا فقدان موجود ہے۔
ایرانی نائب صدر نے امریکا اور اسرائیل کی جارحیت کو روکنے کے لیے عبوری جنگ بندی ممکن بنانے پر پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور اسے اہم پیش رفت قرار دیا۔
محمد رضا عارف کے مطابق اسلام آباد مذاکرات کا مقصد ایران کی حالیہ فوجی کامیابیوں کو سفارتی سطح پر مزید مضبوط بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 40 دنوں کی جنگ میں ایران نے دشمن کے اندازوں کو غلط ثابت کیا اور یہ تنازع خطے اور دنیا میں اسٹریٹیجک تبدیلیوں کا باعث بن سکتا ہے۔
نائب صدر نے ایرانی عوام کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی مظاہرے دراصل ایران کی "سوفٹ پاور” ہیں، جنہوں نے سیاسی اور سکیورٹی میدان میں اہم کردار ادا کیا۔