علیم خان آزاد کشمیر

علیم خان کا آزاد کشمیر میں ترقی اور عوامی مسائل کے حل کا عزم، تنویر الیاس آئی پی پی میں شامل

علیم خان آزاد کشمیر ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی محرومیوں کا خاتمہ، معیاری تعلیم، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شفاف طرز حکمرانی ان کی جماعت کی اولین ترجیحات ہوں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیا، جہاں آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے اپنی جماعت سمیت آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

سردار تنویر الیاس کے ہمراہ کرنل محبوب، علی خان سونی، ملک ذوالفقار، صاحبہ صدیق، ریاض گجر، طاہر کھوکھر، راجہ طالب، مرتضیٰ علی احمد، جبار مغل، تقدیس گیلانی اور دیگر سیاسی شخصیات نے بھی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے تمام فیصلے وہاں کے عوام کی خواہشات اور مفادات کو مدنظر رکھ کر کیے جائیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کشمیری عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے اور ہر بچے کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ خطے میں ترقی اور خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کا مقصد صرف اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ عوام کو بہتر زندگی دینا ہے۔ ان کے مطابق حقیقی تبدیلی صرف عملی اقدامات سے ممکن ہے، اس لیے اگر انہیں حکومت بنانے کا موقع ملا تو میرٹ، شفافیت اور عوامی خدمت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ تمام جماعتوں کو انتخابی نتائج جمہوری انداز میں قبول کرنے چاہییں۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیابی پر عاجزی اور شکست پر برداشت کا مظاہرہ کرنا جمہوری روایات کا حصہ ہے، جبکہ کئی بار اقتدار میں رہنے والی جماعتوں کو اپنی کارکردگی کا جواب دینا چاہیے۔

انہوں نے وزیراعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ علیم خان نے بتایا کہ انہوں نے وزارتِ مواصلات پر مکمل توجہ دینے کی خواہش ظاہر کی تاکہ ملک کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں شاہراہوں اور موٹرویز کے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ سکھر تا کراچی موٹروے کو بندرگاہ سے منسلک کرنے کا منصوبہ رواں سال شروع ہوگا، لاہور سیالکوٹ موٹروے کو چھ رویہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ لاہور، سیالکوٹ، کھاریاں اور اسلام آباد موٹروے کی تعمیر سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان تقریباً 100 کلومیٹر کا فاصلہ کم ہو جائے گا۔

 علاوہ ازیں اسلام آباد۔مری ایکسپریس وے کو مظفرآباد تک توسیع دی جائے گی اور مظفرآباد کو مانسہرہ سے جدید شاہراہ کے ذریعے منسلک کیا جائے گا، جس سے آزاد کشمیر کے عوام کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین