پاکستان توانائی تحفظ منصوبہ

حکومت نے 2060 تک مربوط توانائی منصوبے کی منظوری دے دی

حکومت نے پاکستان توانائی تحفظ منصوبہ منظور کرلیا ہے، جس کا مقصد توانائی تحفظ بہتر بنانا اور ملکی اقتصادی مسابقت میں اضافہ کرنا ہے۔ منظوری وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے دی۔

کمیٹی نے نیشنل الیکٹریسٹی پلان 2023-2027 میں ترامیم کی منظوری دی۔ ترامیم میں بجلی کے نرخ، توانائی کی بچت، قابل تجدید بجلی، سرحد پار تجارت اور ترسیلی نظام کی توسیع شامل ہیں۔

پاور ڈویژن نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں ترامیم پیش کیں۔ کمیٹی نے دور دراز علاقوں کو قابل تجدید ذرائع سے بجلی فراہم کرنے کے اقدامات کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا حکومت اور نیپرا کے ساتھ مزید مشاورت کی ہدایت بھی کی گئی۔ مشاورت کا مقصد ان علاقوں میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں پر بہتر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔

کمیٹی نے انٹیگریٹڈ انرجی پلان 2027-2060 کے اعلیٰ سطحی ڈیزائن کی بھی منظوری دی۔ طویل مدتی منصوبے میں وفاقی و صوبائی حکومتیں اور دیگر متعلقہ ادارے شامل ہوں گے۔

پاکستان توانائی تحفظ منصوبہ کے تحت صنعتی اور گھریلو صارفین کو مناسب نرخوں پر بجلی فراہم کرنے کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ منصوبے میں کم کاربن اور ماحول دوست توانائی ذرائع کو فروغ دینے پر بھی توجہ دی جائے گی۔

ترمیم شدہ بجلی منصوبے میں بجلی پیداوار، ایندھن، ٹیکنالوجی، تحقیق، مارکیٹ آپریشنز، خطرات کی نشاندہی اور ڈیجیٹلائزیشن شامل ہیں۔ اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے دوران بجلی اور گیس شعبوں کے گردشی قرضے پر بھی رپورٹس پیش کی گئیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین