اسلام آباد ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ کوئی سیاسی جماعت یا عوامی عہدیدار دارالحکومت میں سڑکیں بند نہیں کرسکتا۔ یہ فیصلہ پی ٹی آئی 27 ستمبر احتجاج اور ممکنہ لانگ مارچ سے متعلق درخواست پر سنایا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بینچ نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ بینچ میں جسٹس اعظم خان اور جسٹس آصف بھی شامل تھے۔
سماعت کے دوران اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل نوید ملک سمیت دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹری شاہاب علی شاہ اور آئی جی پولیس بھی عدالت میں موجود تھے۔
عدالت کی خصوصی اجازت سے 2022 اور 2024 میں ہونے والے پی ٹی آئی احتجاج کی ویڈیوز بھی پیش کی گئیں۔ اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل نے سابقہ احتجاج کے دوران ہونے والے نقصانات اور انتظامیہ کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔
ایڈووکیٹ جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ قانون کے تحت احتجاج کے لیے پیشگی اجازت ضروری ہے۔ انہوں نے بڑے اجتماع کی صورت میں انتظامی مشکلات کا بھی ذکر کیا اور قانونی طور پر حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے بھی اسلام آباد میں بڑی تعداد میں لوگوں کو لانے سے متعلق بیانات کا حوالہ دیا۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا کے آئی جی نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ صوبے سے کسی غیر قانونی اقدام یا پیش قدمی کو عدالت کی ہدایات کے مطابق روکا جائے گا۔
خیبر پختونخوا کے ایڈووکیٹ جنرل کی تحریری رپورٹ جمع ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے درخواست نمٹا دی گئی اور واضح کیا کہ پی ٹی آئی 27 ستمبر احتجاج سمیت کسی بھی سیاسی سرگرمی کے دوران سیاسی جماعت یا عوامی عہدیدار کو اسلام آباد کی سڑکیں بند کرنے کا اختیار نہیں۔