آئی ایم ایف نئی شرائط پاکستان

آئی ایم ایف کی پاکستان پر 11 نئی شرائط، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے نئی مالی اور انتظامی شرائط عائد کرتے ہوئے توانائی، ٹیکس اور احتساب کے شعبوں میں بڑے اقدامات کا مطالبہ کردیا ہے۔ آئی ایم ایف نئی شرائط پاکستان کے تحت گیس اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سمیت 11 نئے اسٹرکچرل بینچ مارکس شامل کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا ٹیکس ہدف 15 ہزار 267 ارب روپے مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔ اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے حکومت کو تقریباً 430 ارب روپے کے اضافی ٹیکس عائد کرنا پڑ سکتے ہیں۔

مجوزہ منصوبے کے مطابق 215 ارب روپے نئے ٹیکسوں کی صورت میں جبکہ 115 ارب روپے ٹیکس انفورسمنٹ اور وصولیوں کے نظام کو سخت بنا کر جمع کیے جائیں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے اور عوام پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال کے دوران عوام سے پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1727 ارب روپے وصول کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ حکومت پہلے ہی پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں مرحلہ وار اضافہ کر رہی ہے تاکہ آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط پوری کی جاسکیں۔

آئی ایم ایف کی نئی شرائط میں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کی پارلیمنٹ سے منظوری، انسداد بدعنوانی کے نظام کو مضبوط بنانا، سرکاری خریداریوں میں شفافیت بڑھانا اور ٹیکس ریونیو انتظامیہ میں اصلاحات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ غیر مشروط کیش ٹرانسفر پروگرام، خصوصاً کفالت پروگرام کے تسلسل کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

نئی شرائط کے تحت نیشنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو کی خودمختاری اور شفافیت میں اضافہ، پیپرا رولز میں ترامیم، کرنسی ایکسچینج کی بتدریج آزادی کے لیے روڈ میپ کی تیاری اور ریگولیٹری شفافیت کو بہتر بنانا بھی شامل ہے۔

توانائی کے شعبے سے متعلق شرائط میں گیس اور بجلی کی قیمتوں میں سالانہ اور ششماہی بنیادوں پر اضافے کے نوٹیفکیشن جاری کرنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ خصوصی اکنامک زونز کو دی گئی مراعات کو 2035 تک مکمل طور پر ختم کرنے اور وفاقی حکومت و اسلام آباد میں کاروباری ضوابط کے لیے پاکستان ریگولیٹری رجسٹری قائم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین