بھارت نے اگست میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد نیپال کی بحالی اور طویل مدتی ترقی کیلئے 1.62 ارب ڈالر کے اقتصادی پیکیج کا اعلان کردیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کو نئی دہلی میں نیپالی ہم منصب بالیندر شاہ سے ملاقات کے بعد اس امداد کا اعلان کیا۔
اس پیکیج کی مالیت 240 ارب نیپالی روپے ہے، جس کا مقصد قدرتی آفت سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو اور معاشی سرگرمیوں کو بحال کرنا ہے۔ نریندر مودی نے کہا کہ اس تعاون سے متاثرہ خاندانوں کو دوبارہ معمول کی زندگی شروع کرنے، نئے مواقع پیدا کرنے اور مستقبل کی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
بالیندر شاہ دو روزہ دورے پر بھارتی دارالحکومت پہنچے ہیں۔ مارچ میں اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا دوطرفہ دورہ ہے۔ ان کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب نیپال حالیہ تباہ کن سیلاب کے اثرات سے نکلنے اور متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کی کوششیں کر رہا ہے۔
26 اگست کو آنے والے سیلاب کے نتیجے میں تقریباً 1,500 افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ مزید 5,200 افراد لاپتا ہیں جنہیں ہلاک تصور کیا جا رہا ہے۔ یہ سیلاب چین کے ساتھ نیپال کی سرحد کے قریب گلیشیئر ٹوٹنے کے بعد آیا تھا، جس سے بڑی مقدار میں مٹی اور چٹانیں دریائے تریشولی میں جا گریں۔
Sharing my remarks during the joint press meet with PM Balendra Shah of Nepal. @ShahBalen @PM_nepal_ https://t.co/dySgHsBGe2
— Narendra Modi (@narendramodi) November 23, 2026
سیلاب نے متعدد دیہات کو بہا دیا اور اہم بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا۔ متاثرہ علاقوں میں شاہراہیں، پل اور بجلی کی لائنیں تباہ ہوگئیں، جبکہ کئی مکانات مٹی تلے دب گئے۔ پہاڑی علاقوں میں مواصلاتی نظام متاثر ہونے سے امدادی سرگرمیوں اور تعمیر نو کے عمل کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
نریندر مودی نے کہا کہ بھارت کی کوشش ہوگی کہ متاثرہ خاندانوں کی زندگی بحال کرنے، معاشی مواقع پیدا کرنے اور نیپال کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت مضبوط بنانے میں مدد فراہم کی جائے۔ بالیندر شاہ نے مشکل حالات اور قدرتی آفات کے دوران بھارت کی فوری امداد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بھارتی سرمایہ کاروں کو نیپال میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
دورے کے دوران دونوں ممالک نے اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے معاہدوں پر دستخط کیے۔ نریندر مودی اور بالیندر شاہ نے مشترکہ طور پر سرحد پار ریلوے رابطے کا افتتاح بھی کیا۔ بھارت نے اگست کے سیلاب کے بعد امدادی سامان کی کئی کھیپیں طیاروں کے ذریعے نیپال بھیجی تھیں تاکہ پہاڑی علاقوں میں متاثرہ مواصلاتی رابطے بحال کیے جا سکیں۔ نئے اقتصادی پیکیج سے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔