اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے گزشتہ روز کی پریس کانفرنس میں خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف تقریباً چارج شیٹ پیش کردی۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردی کی مبینہ سہولت کاری میں ملوث ہو کر سیاست کے پیچھے نہیں چھپا جا سکتا۔ ان کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی پریس کانفرنس میں اس حوالے سے واضح الفاظ میں مؤقف پیش کیا۔
وزیر دفاع نے سوال اٹھایا کہ جب ملک دہشت گردی کے خلاف لڑ رہا ہے تو خیبر پختونخوا حکومت اس معاملے میں آگے کیوں نہیں آتی۔ انہوں نے صوبے میں پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے اقدامات پر بھی سوالات اٹھائے۔
خواجہ آصف نے گزشتہ روز ہونے والی ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کے پی حکومت کی تقریباً چارج شیٹ پڑھ کر سنا دی ہے۔ وزیر دفاع کے مطابق پیغام بالکل واضح ہے اور اب صورتحال اسی انداز میں مزید جاری نہیں رہ سکتی۔
انہوں نے دہشت گردی کے بیانیے میں مبینہ طور پر پیدا ہونے والی کنفیوژن پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات اور واضح حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں ریاست کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاست موجود ہوگی تو سیاست اور جمہوریت بھی قائم رہیں گی۔ ان کے مطابق ریاست کا استحکام ملک کے سیاسی اور جمہوری نظام کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔