محسن نقوی

محسن نقوی کا تنقید کرنے والے وزیر کو سخت جواب، خاموشی کی وجہ بتا دی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان پر مسلسل تنقید کرنے والے ایک حکومتی وزیر کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ وزیر روزانہ ٹی وی پر آنے کے لیے ان کے خلاف تبصرے کر رہے ہیں، تاہم جس دن انہوں نے جواب دینے کا فیصلہ کر لیا تو وہ وزیر منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گا۔

 گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وہ گزشتہ ڈھائی سال سے مذکورہ وزیر کے تبصرے صبر و تحمل کے ساتھ سنتے آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اب تک خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ جواب دینے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ایک وزیر کی جانب سے مسلسل ان پر تبصرے کیے جا رہے ہیں، تاہم انہوں نے مناسب سمجھا کہ اس معاملے پر تحمل کا مظاہرہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر انہوں نے اس وزیر کے خلاف بات شروع کر دی تو معاملہ مختلف ہو سکتا ہے۔

محسن نقوی نے حالیہ تنقید کا نشانہ بننے والے کاروباری افراد کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے معزز شہری ہیں اور ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ان افراد میں وفاقی اور مختلف شہروں کے چیمبرز آف کامرس کے صدور اور عہدیداران بھی شامل ہیں۔

وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ جن کاروباری شخصیات کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، وہ پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں میں شمار ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے افراد کی خدمات اور ملکی معیشت میں ان کے کردار کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔

محسن نقوی نے سیاسی جماعتوں کے مالی معاملات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر یہ کاروباری افراد اتنے ہی برے ہیں تو پھر ہر انتخاب کے موقع پر ان سے پارٹی فنڈز کے نام پر اربوں روپے کیوں وصول کیے جاتے ہیں؟ انہوں نے اس معاملے کو سیاسی جماعتوں کے رویے میں تضاد قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین