کراچی: چین نے پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی حالات میں چاہے کتنی ہی تبدیلیاں کیوں نہ آئیں، دونوں ممالک کے باہمی روابط اور تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔
کراچی میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام چینی قونصل جنرل فینگ دیہنگ نے پاکستان اور چین کو قریبی ہمسایہ، بااعتماد دوست اور بھائی قرار دیا۔ تقریب میں گورنر سندھ نہال ہاشمی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، مختلف ممالک کے سفارت کاروں، سیاسی رہنماؤں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ پاک چین دوستی نے مختلف ادوار اور مشکلات میں اپنا مضبوط کردار برقرار رکھا ہے۔ ان کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ملکوں کے دیرینہ تعلقات کا عملی اظہار ہے، جبکہ تعاون اب انفرااسٹرکچر سے آگے بڑھ کر صنعت، ٹیکنالوجی، زراعت اور جدت کے شعبوں تک پھیل رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سی پیک نے رابطوں، توانائی، صنعت اور بنیادی ڈھانچے کے ذریعے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں توانائی، بندرگاہوں، صنعت اور زراعت کے مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ صوبائی حکومت قابل تجدید توانائی اور جدید شہری ترقی میں تعاون مزید بڑھانا چاہتی ہے۔
فینگ دیہنگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح کا سیاسی اور سکیورٹی تعاون موجود ہے اور دونوں ممالک عالمی امور پر بھی ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت نے مستقبل میں پاک چین شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے اہم رہنمائی فراہم کی ہے۔
چینی قونصل جنرل نے سی پیک کے اگلے مرحلے میں صنعت، زراعت، کان کنی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تعاون تیز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے تعلیم، ثقافت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں عوامی روابط اور تبادلوں کو وسعت دینے کی ضرورت بھی اجاگر کی۔ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں انہوں نے پاکستان کے سفارتی کردار کو بھی سراہا۔
فینگ دیہنگ نے چین کی معاشی اور سائنسی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک نے مینوفیکچرنگ، تجارت، مصنوعی ذہانت، گرین انرجی اور جدید ٹیکنالوجی میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ان کے مطابق 2026 چین کے لیے اہم سال ہے کیونکہ یہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی 105ویں سالگرہ اور 15ویں پانچ سالہ منصوبے کے آغاز کا سال ہے۔