پاکستان بزنس فورم فرانس

پاکستان بزنس فورم فرانس کی 5ویں سالگرہ، پیرس میں اہم تقریبات کا اعلان

پیرس میں پاکستان بزنس فورم فرانس کے نئے دفتر میں ایک خصوصی پریس بریفنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں 13 اور 14 جون کو فرانس میں ہونے والی اہم تقریبات کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی گئیں۔ یہ پروگرام پاکستان بزنس فورم فرانس کی پانچویں سالگرہ اور پاکستان بزنس فورم یورپ کی پہلی سالانہ تقریب کے سلسلے میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔

پریس بریفنگ میں فورم کے سینئر عہدیداران نے شرکت کی اور صحافی برادری کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر فورم کے بانی صدر حاجی محمد اسلم چوہدری نے پانچ سالہ کامیاب سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان بزنس فورم فرانس نے گزشتہ برسوں میں پاکستانی کاروباری برادری کو ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔

جنرل سیکریٹری یاسر خان نے فورم کی مجموعی کارکردگی اور اہم کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فورم کا نیا دفتر کمیونٹی کے تمام افراد کے لیے کھلا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھا سکیں۔

پاکستان بزنس فورم فرانس کے چیئرمین سردار ظہور اقبال نے آنے والی تقریبات کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فورم کا بنیادی مقصد پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

چیف کوآرڈینیٹر یورپ صاحبزادہ عتیق نے کہا کہ یہ ایونٹ یورپ میں پاکستانی کاروباری برادری کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا بڑا اجتماع ہوگا، جس سے کاروباری تعلقات کو نئی سمت ملے گی۔

سرپرستِ اعلیٰ یورپ محمد ابراہیم ڈار نے کہا کہ صحافت معاشرے کا اہم ستون ہے اور میڈیا پاکستان و یورپ کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی صحافی مستقبل میں بھی فورم کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر نئے دفتر کے قیام اور اس کی تزئین و آرائش میں اہم کردار ادا کرنے پر لیگل سیکریٹری و آرگنائزر سلمان اسلم چوہدری کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء نے ان کی خدمات کو سراہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پریس بریفنگ کے اختتام پر سینئر صحافی ملک منیر کو وزیراعظم آزاد کشمیر کا میڈیا ایڈوائزر برائے یورپ مقرر ہونے پر مبارکباد دی گئی۔ اس موقع پر ان کے اعزاز میں کیک کاٹا گیا اور شرکاء کے لیے پرتکلف عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین