پاکستان اور پرتگال نے تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور پرامن طریقوں کی اہمیت پر اتفاق کیا ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پیر کو اسلام آباد میں پرتگال کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ پاؤلو رانجل سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خارجہ اسلام آباد میں ہونے والے وفود کی سطح کے مذاکرات میں دونوں ممالک کے تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔ اس موقع پر اقتصادی اور ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔
پاکستان اور پرتگال اس سال سفارتی تعلقات کے قیام کے 77 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاؤلو رانجل سے علیحدہ ملاقات میں سفارتی روابط، پارلیمانی تبادلوں اور موجودہ دوطرفہ نظام کے تحت باقاعدہ مشاورت کی اہمیت پر زور دیا۔
مذاکرات میں زراعت کے شعبے میں تعاون کے امکانات بھی زیر غور آئے، خصوصاً زیتون کی کاشت اور اس کی پراسیسنگ کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ قابل تجدید توانائی اور سمندری رابطوں کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں ممالک نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے قیام اور کاروباری روابط مضبوط بنانے کے امکانات بھی دیکھے۔
اسحاق ڈار نے تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ثقافت اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے ہنرمند افراد کے لیے قانونی طریقوں سے بیرون ملک روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی سفارت کاری دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ میں تعاون اور یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات، خصوصاً جی ایس پی پلس کے معاملے پر بھی گفتگو کی۔ پاؤلو رانجل نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے پرتگال کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور پرتگال میں پاکستانی برادری کے کردار کو بھی سراہا۔
ملاقات میں علاقائی صورتحال اور عالمی سطح پر تعاون کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔ پاؤلو رانجل نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور مؤثر عالمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔