پاکستان اسمارٹ میٹر منصوبہ

پاکستان بھر میں اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کا منصوبہ

پاکستان اسمارٹ میٹر منصوبہ: وفاقی حکومت نے ملک بھر کی بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) میں اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے عالمی مالیاتی اداروں سے اربوں ڈالر کے قرضوں کے حصول پر غور کیا جا رہا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ترقیاتی منصوبوں اور جاری پروگراموں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران تمام ڈسکوز کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کے لیے مالی وسائل کی فراہمی سے متعلق اقتصادی امور ڈویژن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

حکومتی حکام نے اجلاس کو بتایا کہ ملک بھر میں اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کے منصوبے کے لیے کثیرالجہتی مالیاتی اداروں سے اربوں ڈالر کے قرضے حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بجلی کی تقسیم کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

اس منصوبے کی مالی معاونت کے لیے حکومت عالمی بینک (ورلڈ بینک) اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سے مذاکرات کرے گی۔ اقتصادی امور ڈویژن ان مالی وسائل کے انتظام کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطوں میں مصروف ہے۔

اسمارٹ میٹرز کی تنصیب سے بجلی کے نظام کی نگرانی بہتر بنانے، بجلی کی کھپت کا درست ڈیٹا حاصل کرنے اور تقسیم کار کمپنیوں کے تکنیکی و تجارتی نقصانات کی نشاندہی میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین