شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی پاکستان کے عالمی امن میں کردار کی تعریف

نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے کردار اور خدمات کو سراہا ہے۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اہم علاقائی اور عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے پاکستان کی مضبوط وابستگی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کو بھی اجاگر کیا اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی قیادت کو سراہا۔

ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے حق کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے دنیا بھر میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی سیکرٹری جنرل کی توجہ دلائی۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال اور افغان سرزمین سے دہشتگردی میں اضافے سے متعلق خدشات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تنازعات کے پرامن حل اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی اہم قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین