برطانوی اداکار اور کامیڈین رسل برانڈ کو ریپ اور تین جنسی حملوں کے الزامات میں مجرم قرار دیے جانے کے بعد 10 سال 6 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی، جبکہ سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے بھی رسل برانڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کے دوران مبینہ تشدد اور بدسلوکی کا انکشاف کیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 51 سالہ رسل برانڈ کو لندن کی ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ میں سزا سنائی گئی۔ چار ہفتوں تک جاری رہنے والے مقدمے میں جیوری نے 5 نومبر 2026 کو انہیں ایک ریپ اور تین جنسی حملوں کے الزامات میں مجرم قرار دیا تھا۔ یہ جرائم 2004 سے 2009 کے درمیان چار خواتین کے خلاف کیے گئے تھے۔
عدالت نے رسل برانڈ کو دیگر دو ریپ الزامات اور ایک اقدامِ نامناسب حملے کے الزام سے بری بھی کیا۔ جسٹس بیناتھن نے 9 نومبر کو فیصلہ سناتے ہوئے جرائم کی سنگینی اور متاثرہ خواتین پر پڑنے والے طویل مدتی اثرات کو اہم قرار دیا۔
سماعت کے دوران جج نے متاثرہ خواتین کی جرات کو سراہا جنہوں نے طویل عرصے بعد سامنے آکر اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعات کی گواہی دی۔ عدالت میں متاثرہ خواتین کے بیانات بھی پیش کیے گئے، جن میں انہوں نے ان واقعات کے نفسیاتی اور جذباتی اثرات بیان کیے۔ جج نے میٹروپولیٹن پولیس کی تفتیشی کوششوں کو بھی سراہا۔
دوسری جانب جمائما گولڈ اسمتھ بھی رسل برانڈ کے خلاف اپنے تجربات بیان کرنے کے لیے سامنے آگئیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ رسل برانڈ کے ساتھ تعلقات کے دوران انہیں تشدد، ذہنی دباؤ، کنٹرول کرنے کی کوششوں اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا۔
جمائما گولڈ اسمتھ کے مطابق 2014 میں ایک پرتشدد واقعے کے بعد انہیں رسل برانڈ کو اپنے گھر سے نکلوانے کے لیے پولیس بلانا پڑی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت انہوں نے نہ تو قانونی کارروائی کی اور نہ ہی معاملے کو عوامی سطح پر اٹھایا، کیونکہ انہیں اپنے نوعمر بچوں پر میڈیا کی توجہ کے ممکنہ اثرات کی فکر تھی۔
جمائما نے مزید کہا کہ 2014 کے بعد سے ان کا رسل برانڈ سے کوئی رابطہ نہیں رہا۔ انہوں نے مقدمے میں گواہی دینے والی خواتین کی حمایت کرتے ہوئے ان کی جرات کو سراہا اور کہا کہ وہ انصاف کے حصول کے لیے سامنے آنے والی خواتین کے ساتھ کھڑی ہیں۔