سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ 13 ممالک باضابطہ طور پر کثیر ملکی میری ٹائم دفاعی اتحاد میں شامل ہوگئے ہیں، جس سے اتحاد کے عملی آغاز کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
سعودی وزارت دفاع کے مطابق یہ پیش رفت جدہ میں ویسٹرن فلیٹ کمانڈ میں میری ٹائم دفاعی اتحاد کے تیسرے منصوبہ بندی اجلاس کے دوران سامنے آئی۔ اجلاس میں 39 دوست اور اتحادی ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔
وزارت دفاع نے بتایا کہ 15 ممالک مشترکہ اعلامیے پر دستخط کرچکے ہیں جبکہ 13 ممالک نے اپنی قومی کارروائیاں مکمل کرکے اتحاد کے چارٹر پر دستخط اور باضابطہ شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق تازہ پیش رفت میری ٹائم دفاعی اتحاد کے حقیقی آغاز کی نشاندہی کرتی ہے اور اسے ادارہ جاتی و عملی فعالیت کے مرحلے میں داخل کر رہی ہے۔ دیگر ممالک بھی شمولیت کے لیے ضروری قومی کارروائیاں مکمل کر رہے ہیں۔
اتحاد کے ادارہ جاتی ڈھانچے کی تشکیل پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ سعودی عرب نے اتحاد کے لیے کمانڈر مقرر کردیا ہے جبکہ پاکستان نے پہلے دور میں ڈپٹی کمانڈر فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
بیان کے مطابق اتحاد کی کمان کے لیے ہیڈکوارٹر بھی مختص کردیا گیا ہے اور اس کا لوگو منظور کرلیا گیا ہے۔ آپریشنز شروع کرنے کے لیے تنظیمی، منصوبہ بندی اور دیگر ضروری دستاویزات بھی مکمل کی جا رہی ہیں۔
میری ٹائم دفاعی اتحاد کا قیام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے کے ممالک سمندری سکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اتحاد کے ارکان سمندری تحفظ اور مشترکہ تعاون کے لیے مؤثر طریقہ کار تشکیل دینے پر کام کر رہے ہیں۔