میئر لندن صادق خان

میئر لندن نے پالنٹیئر کا میٹ پولیس کے ساتھ 5 کروڑ پاؤنڈ کا معاہدہ روک دیا

لندن: میئر لندن صادق خان نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی پالنٹیئر کے ساتھ میٹروپولیٹن پولیس کا 5 کروڑ پاؤنڈ کا مجوزہ معاہدہ روک دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹ پولیس پالنٹیئر کے مصنوعی ذہانت (AI) اور نگرانی کے نظام کو جرائم کی تحقیقات میں انٹیلیجنس تجزیے کو خودکار بنانے کے لیے استعمال کرنا چاہتی تھی۔

میئر آفس کے ترجمان کے مطابق لندن کے عوام چاہتے ہیں کہ سرکاری فنڈز صرف ایسی کمپنیوں پر خرچ کیے جائیں جو شہر کی اقدار اور اخلاقی اصولوں سے مطابقت رکھتی ہوں۔

صادق خان نے کہا کہ اس معاہدے میں عوامی فنڈز کے استعمال کے قواعد کی “واضح اور سنگین خلاف ورزیاں” سامنے آئیں۔

دوسری جانب میٹ پولیس کا مؤقف ہے کہ عملے کی کمی اور بڑھتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز کے باعث جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہوچکا ہے تاکہ مؤثر پولیسنگ جاری رکھی جاسکے۔

سٹی ہال کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ میٹ پولیس نے خریداری کی حکمت عملی منظوری کے لیے متعلقہ نگرانی ادارے کے سامنے پیش نہیں کی۔

ادھر پالنٹیئر برطانیہ کے چیف ایگزیکٹو لوئیس موزلی نے میئر لندن کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے دشمن ریاستوں اور جرائم پیشہ عناصر کو فائدہ ہوگا جبکہ عوامی تحفظ کو سیاست کی نذر کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ پالنٹیئر نے حالیہ برسوں میں برطانیہ کے عوامی خدمات کے شعبے میں تیزی سے توسیع کی ہے اور نیشنل ہیلتھ سروس، وزارت دفاع اور دیگر اداروں کے ساتھ 600 ملین پاؤنڈ سے زائد کے معاہدے حاصل کیے ہیں۔

یہ کمپنی امریکی ارب پتی سرمایہ کار Peter Thiel نے قائم کی تھی، جو سابق امریکی صدر Donald Trump کے قریبی حامی سمجھے جاتے ہیں۔ کمپنی پر اسرائیلی فوج اور امریکی امیگریشن اداروں کے ساتھ تعاون کے الزامات بھی عائد کیے جاتے رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ فیصلہ برطانیہ میں اے آئی نگرانی ٹیکنالوجی، سرکاری معاہدوں اور اخلاقی ذمہ داریوں پر نئی بحث کو جنم دے سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین