ملالہ یوسفزئی

ملالہ یوسفزئی کا پاکستان کے روشن مستقبل پر اعتماد، نوجوانوں کے جذبے کو سراہا

لندن: نوبل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی نے پاکستان کے روشن مستقبل کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے نوجوان جدید علوم کے ذریعے ترقی اور خوشحالی کے لیے بھرپور جذبے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

ورلڈ ایجوکیشن فورم میں خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ ترقی کے سفر میں خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو معاشروں کو بہتر مستقبل کی جانب لے جاتی ہے۔

ملالہ یوسفزئی نے کانفرنس کے دوران فلسطین، لبنان اور افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم کی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ اور بحرانوں کے باوجود طالبات تعلیم حاصل کرنے کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہیں۔

انہوں نے فلسطینی طالبات کے حوالے سے کہا کہ وہ اپنے مسائل کو بخوبی سمجھتی ہیں اور ان کے حل کے لیے بھی پُرعزم ہیں۔ ملالہ کے مطابق تعلیم نوجوان نسل کو بااختیار بنانے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔

افغانستان میں خواتین کی تعلیم پر بات کرتے ہوئے ملالہ نے کہا کہ وہاں لڑکیاں سخت پابندیوں کے باوجود خفیہ طور پر تعلیم حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، جو ان کے عزم اور حوصلے کی عکاسی کرتا ہے۔

ملالہ یوسفزئی نے طلبہ کے ساتھ ایک گول میز اجلاس میں بھی شرکت کی جہاں مختلف تعلیمی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے ایک کوئز مقابلے میں بھی حصہ لیا جبکہ کانفرنس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے تعلیم بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے کیونکہ نوجوان نسل جدید تعلیم، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کے لیے پُرجوش انداز میں کام کر رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق نوجوانوں کی یہی توانائی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین