پنجاب حکومت کی زرعی اصلاحات اور کسان دوست اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، جس کے باعث صوبہ جدید زرعی میکانائزیشن کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔ جدید مشینری کی فراہمی اور مالی معاونت کے مختلف منصوبوں سے کاشتکاروں کو جدید کاشتکاری اپنانے میں مدد مل رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت ہزاروں کسانوں کو جدید ٹریکٹرز رعایتی نرخوں پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ موجودہ مرحلے میں 9,500 ہائی پاور ٹریکٹرز پر فی ٹریکٹر 10 لاکھ روپے سبسڈی دی جا رہی ہے جبکہ 50 سے 65 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹرز پر 5 لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
حکومت نے آئندہ مالی سال میں اس منصوبے کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ اگلے مالی سال کے دوران 20 ہزار گرین ٹریکٹرز کسانوں میں تقسیم کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ کاشتکار جدید زرعی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔
نئے مالی سال میں سبسڈی کی شرح میں بھی نمایاں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ہائی ہارس پاور ٹریکٹرز پر 15 لاکھ روپے جبکہ 50 سے 65 ہارس پاور کے ٹریکٹرز پر 7 لاکھ 50 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی، جس سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو مالی طور پر بڑا سہارا ملے گا۔
پنجاب میں پہلی مرتبہ جدید زرعی مشینری کی خریداری کے لیے 3 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضوں کی سکیم متعارف کرائی گئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت کسان آسان شرائط پر مالی معاونت حاصل کرکے جدید زرعی آلات خرید سکیں گے، جس سے زرعی پیداوار میں بہتری اور کاشتکاری کے طریقوں میں جدت آئے گی۔
حکومتی اقدامات کے نتیجے میں تقریباً 200 ہائی ٹیک کمبائنڈ ہارویسٹرز کاشتکاروں کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔ گندم کی فصل کی کٹائی کے دوران پہلی مرتبہ 50 جدید کمبائنڈ ہارویسٹرز استعمال کیے گئے، جس سے فصل کی بروقت اور مؤثر کٹائی ممکن ہوئی اور کسانوں کے وقت اور اخراجات میں کمی آئی۔
ماحولیاتی تحفظ کے لیے بھی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ چاول کے کاشتکاروں میں 5 ہزار سپر سیڈرز تقسیم کیے گئے جن کی مدد سے 14 لاکھ ایکڑ رقبے پر جدید طریقے سے کاشت مکمل کی گئی۔ مثبت نتائج کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید 5 ہزار سپر سیڈرز فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔ حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ جدید زرعی مشینری، بلاسود قرضے اور سبسڈی پروگرام نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ کریں گے بلکہ پنجاب کے زرعی شعبے کو مزید مضبوط اور پائیدار بنانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔