کراچی ہیٹ ویو

پی ایم ڈی ہیٹ ویو وارننگ، ملک بھر میں شدید گرمی کا امکان

پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے 7 سے 12 جون کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ محکمہ کے مطابق بالائی فضا میں بننے والا طاقتور ہائی پریشر سسٹم درجہ حرارت کو معمول سے کہیں زیادہ بڑھا سکتا ہے۔ پی ایم ڈی ہیٹ ویو وارننگ کے بعد شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہائی پریشر سسٹم 8 جون سے فعال ہو کر 11 جون تک برقرار رہ سکتا ہے۔ اس دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بعض اضلاع شدید ترین گرمی کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔

جنوبی پاکستان کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ، دادو، گھوٹکی، سبی، تربت اور پنجگور ان علاقوں میں شامل ہیں جہاں شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کراچی میں بھی 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت متوقع ہے۔

پی ایم ڈی ہیٹ ویو وارننگ کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور دیگر اضلاع شدید گرمی کا سامنا کر سکتے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ پشاور، مردان، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں درجہ حرارت 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ چترال، سوات اور گلگت بلتستان میں بھی معمول سے زیادہ گرمی متوقع ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، مظفرآباد اور دیگر قریبی علاقوں میں درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رات کے وقت درجہ حرارت میں اضافے سے گرمی کی شدت اور جسمانی تھکن میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

پی ایم ڈی ہیٹ ویو وارننگ کے تحت شہریوں کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں جانے سے گریز، زیادہ پانی پینے اور گرمی سے بچاؤ کی ہدایت کی گئی ہے۔ کسانوں کو فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین