وزیراعظم شہباز شریف

گلگت بلتستان انتخابات: وزیراعظم شہباز شریف کی پیپلز پارٹی اور کامیاب امیدواروں کو مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں شفاف، پرامن اور سیاسی سرگرمیوں سے بھرپور انتخابات کے انعقاد پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انتخابی عمل کو جمہوریت کی مضبوطی کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی اکثریتی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، جس پر وہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو بھی انتخابی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدواروں نے بھی بھرپور مقابلہ کیا اور بہترین انتخابی مہم چلائی۔ انہوں نے پارٹی امیدواروں اور کارکنوں کی محنت کو سراہتے ہوئے ان کی کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا۔

شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے جمہوری عمل میں بھرپور شرکت کرکے سیاسی شعور اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کے مطابق ووٹرز کا جوش و خروش انتخابات کی کامیابی کا اہم عنصر ثابت ہوا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پرامن، شفاف اور منظم انتخابات جمہوری نظام کا حسن ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں مختلف سیاسی جماعتوں کی فعال شرکت نے جمہوری روایات کو مزید مضبوط کیا ہے۔

انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے نے شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جو قابل تعریف ہے۔

وزیراعظم نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان برقرار رکھنے اور انتخابی عمل کو پرامن بنانے میں سیکیورٹی اداروں کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، جن کی بدولت ووٹرز نے بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین