پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ میرا ایک حالیہ انٹرویو کے دوران اس وقت برہم ہو گئیں جب ان سے ان کی نئی فلم سائیکو کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں "سائیکو” کہا گیا۔ اداکارہ نے اس تبصرے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے اپنے کردار اور محنت کا دفاع کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ایک انٹرویو لینے والے شخص نے میرا سے ان کی فلم "سائیکو” کے بارے میں سوالات کیے۔ گفتگو کے دوران میزبان نے کہا کہ وہ پہلے بھی سائیکو تھیں، فلم میں بھی سائیکو کا کردار ادا کیا اور اب تک اس کردار سے باہر نہیں نکل سکیں۔
اس تبصرے پر میرا نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر انہیں عزت نہیں دی جائے گی تو انہیں دوسرے ممالک، خصوصاً بھارت میں بہت احترام اور پذیرائی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی فنکار کو اس کے کردار کی بنیاد پر ذاتی طور پر مخاطب کرنا درست رویہ نہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ انٹرویو کے دوران انہیں نہ صرف سائیکو کہا گیا بلکہ یہ بھی کہا گیا کہ وہ پہلے سے ایسی تھیں، جو ان کے نزدیک نامناسب بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے فلم میں ایک کردار ادا کیا ہے اور اسے ذاتی شخصیت سے جوڑنا مناسب نہیں۔
میرا کے مطابق فلم "سائیکو” میں ان کا کردار ان کے کیریئر کے مشکل ترین کرداروں میں سے ایک تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید تھی کہ اس کردار اور فلم کی پیشکش پر شائقین اور ناقدین ان کی اور فلم کے ہدایتکار شان شاہد کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
اداکارہ نے فلم کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض تفریحی فلم نہیں بلکہ ایک سنجیدہ اور نفسیاتی پہلو رکھنے والی کہانی ہے۔ ان کے مطابق فلم میں کئی ایسے پیغامات موجود ہیں جن سے ناظرین سیکھ سکتے ہیں اور معاشرتی مسائل کو بہتر انداز میں سمجھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سائیکو عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی گئی تھی۔ فلم میں شان شاہد، سونیا حسین ، میرا، شبیر جان اور دیگر فنکاروں نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔