غیر قانونی کال سینٹرز

غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف ملک گیر گرینڈ آپریشن کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان میں غیر قانونی کال سینٹرز کے ذریعے مبینہ سائبر فراڈ، بلیک میلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف حکومت نے ملک گیر کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ٹاسک فورس وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ہیڈکوارٹر کی نگرانی میں کام کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کال سینٹرز کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کی تفصیلات روزانہ کی بنیاد پر وزارت داخلہ کو فراہم کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال ہونے والے مراکز کی نشاندہی اور ان کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔

حکام کے مطابق ٹاسک فورس بھتہ خوری، بلیک میلنگ، گیمبلنگ اور آن لائن اسکیمز سمیت مختلف مبینہ جرائم کی تحقیقات کرے گی۔ متعلقہ اداروں کو بھی کارروائی کے دوران ٹاسک فورس کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی میں موجود کال سینٹرز کی بھی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔ متعلقہ ادارے اس فہرست کی بنیاد پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث مراکز کے خلاف کارروائی آگے بڑھائیں گے۔

حکومت کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان میں غیر ملکی شہریوں سے منسلک مبینہ سائبر فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ چند روز قبل اسلام آباد میں ایک غیر قانونی کال سینٹر پر کارروائی کے دوران 284 غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کیے جانے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین