بنگلادیش پاکستان ترکیہ سعودی عرب دفاعی فریم ورک

بنگلادیش کا پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے دفاعی فریم ورک میں شمولیت پر مثبت اشارہ

ڈھاکا: بنگلادیش نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے ممکنہ اقتصادی یا دفاعی فریم ورک میں شمولیت کے امکان پر مثبت اشارہ دے دیا ہے۔ بنگلادیشی خبر ایجنسی کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے ایک انٹرویو میں اس حوالے سے اہم بیان دیا۔

ہمایوں کبیر نے کہا کہ بنگلادیش سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ممکنہ اقتصادی یا دفاعی تعاون کے فریم ورک کا حصہ بننے کے امکان کو مثبت نظر سے دیکھتا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ بنگلادیش کے قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

بنگلادیشی مشیر خارجہ امور کے مطابق عالمی معیشت اور بین الاقوامی تجارت میں تیزی سے آنے والی تبدیلیاں بھی کسی ممکنہ فیصلے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈھاکا بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے مفادات کا جائزہ لے گا۔

ہمایوں کبیر نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک معمول کی سفارتی سرگرمیوں کے ذریعے عملی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق بنگلادیش پاکستان کے ساتھ روابط کو وسعت دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے اور عوامی سطح پر روابط مضبوط کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بنگلادیشی حکام کے مطابق بہتر تجارتی اور عوامی روابط دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات میں مزید بہتری کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔

دوسری جانب بنگلادیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم طارق رحمان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ متوقع دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین