ایک اہم پیش رفت میں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے پاکستان آنے والی تمام غیر ملکی ائیرلائنز کو واپسی کے لیے اضافی ایندھن ساتھ لانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
یہ ہدایت نامہ نوٹم (NOTAM) کے ذریعے جاری کیا گیا ہے جس میں ایندھن سے متعلق نئی پالیسی واضح کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں بڑے ہوائی اڈوں پر ایندھن کی فراہمی میں مشکلات کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ پروازوں کا شیڈول متاثر نہ ہو۔
بدھ کے روز کراچی سے دوحہ جانے والی ایک غیر ملکی پرواز کو ایندھن کی کمی کے باعث مسقط میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
فضائی صنعت سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ اضافی ایندھن ساتھ لے جانے سے طیاروں کے وزن میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث دیگر مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔
اس صورتحال میں ائیرلائنز کو مسافروں کا سامان اور کارگو کم کرنا پڑ رہا ہے، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام ملک میں توانائی کے وسیع تر مسائل کی عکاسی کرتا ہے جبکہ حکام پروازوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔