shebaz and zardari

وزیراعظم اور صدر کی اہم ملاقات، مشرق وسطیٰ صورتحال پر غور

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں اہم ملاقات کی، جس میں مشرقی وسطیٰ سمیت خطے کی بدلتی صورتحال اور دیگر اہم قومی امور پر مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے صدر مملکت کو خطے کی موجودہ صورتحال، سفارتی پیش رفت اور ممکنہ ثالثی کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ دونوں رہنماؤں نے ملکی سلامتی، سیاسی حالات اور معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا۔

دوسری جانب ایوان صدر میں قومی قیادت کا ایک اہم اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے، جس کی صدارت صدر آصف علی زرداری کریں گے۔ اجلاس میں وزیراعظم، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، سیاسی قیادت اور اعلیٰ عسکری و سرکاری حکام کی شرکت متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی مجموعی صورتحال اور قومی حکمت عملی کا جائزہ لیا جائے گا۔ کفایت شعاری پالیسی، سرکاری اخراجات میں کمی اور مالی نظم و ضبط کے اقدامات پر تفصیلی غور ہوگا، جبکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی منصفانہ تقسیم بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

اجلاس میں قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے پر بھی بات چیت ہوگی۔ اس کے علاوہ صوبوں کو وفاقی مالی معاونت اور معاشی استحکام کے لیے مزید اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے