شوٹنگ میں مصروف معروف بالی وڈ اداکارہ راشی کھنہ کے سیٹ پر مبینہ چوری کی واردات نے کھلبلی مچا دی۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ اپنے نئے پراجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف تھیں جب ان کی وینٹی وین میں رکھے پرس سے 50 ہزار روپے چرانے کی کوشش کی گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ ٹیم کے ایک رکن پر اس واقعے میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا۔
اگرچہ راشی کھنہ نے تاحال اس معاملے پر براہِ راست کوئی بیان جاری نہیں کیا، تاہم قریبی ذرائع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال سے پوری ٹیم حیران اور پریشان ہو گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق جس شخص پر چوری کی کوشش کا الزام تھا اسے فوری طور پر سیٹ سے ہٹا دیا گیا تاکہ مزید کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ جب میڈیا کی جانب سے وضاحت طلب کی گئی تو اداکارہ کی ٹیم نے کہا کہ یہ واقعہ دراصل ان کے مینیجر کے ساتھ پیش آیا تھا، نہ کہ خود اداکارہ کے ساتھ۔
رپورٹس کے مطابق مبینہ طور پر چوری ہونے والی رقم مینیجر کی تھی، تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ پولیس شکایت یا قانونی کارروائی کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
واضح رہے کہ راشی کھنہ حال ہی میں فلم 120 بہادر اور استاد بھگت سنگھ میں نظر آئی ہیں، اور ان کے نئے پراجیکٹس کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔